(ویب ڈیسک) پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے شہر کے مختلف مقامات پر مفت وائے فائی سروس کا آغاز کر دیا۔
یہ سہولت ایمپاور پراجیکٹ کے تحت فراہم کی جا رہی ہے جس کا مقصد مسافروں، پیدل چلنے والوں اور عام شہریوں کو انٹرنیٹ تک آسان اور فوری رسائی دینا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں شہر کے 10 اہم بس سٹاپس پر مفت وائی فائی سروس فعال کر دی گئی ہے، جن میں شوکت خانم، ٹاؤن شپ ماڈل بازار، ایم ایم عالم روڈ، کریم بلاک، حسین چوک، ٹھوکر نیاز بیگ، برکت مارکیٹ، جناح ہسپتال اور وفاقی کالونی وغیرہ شامل ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق دسمبر کے آخر تک شہر کے 25 بس سٹاپس پر مفت انٹرنیٹ سہولت فراہم کر دی جائے گی، آئندہ مراحل میں مزید مقامات پر بھی وائی فائی کی دستیابی بڑھائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اس جدید سروس سے نہ صرف عام شہری مستفید ہوں گے بلکہ طلبہ، ملازمین اور مسافر بھی سفر کے دوران منسلک رہ سکیں گے، جو لاہور میں ڈیجیٹل سہولیات کی طرف ایک بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
