وزیر اعلیٰ پنجاب نے مری گلاس ٹرین منصوبے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مری گلاس ٹرین منصوبے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں، جس میں روٹ راستے مین بنائے جا رہے ریلوے سٹیشنوں اور کرائے کے بارے میں کافی کچھ بتا دیاہے۔
مریم نواز کے فیس بک اکاؤنٹ پر پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق راولپنڈی مری گلاس ٹرین کا روٹ لیک ویو پارک اسلام آباد سے مری بس سٹاپ تک ہوگا۔
اس نئی ٹرین کے سٹیشن لیک ویو پارک اسلام آباد، چھتر پارک ، گھوڑا گلی اور مری بس سٹاپ کے قریب بنائے جائیں گے۔
اس ٹرین مین سفر کرنے والوں کے لئے کرایہ کی دو کیٹیگریز بنائی جائیں گی۔ عام ٹکٹ 500 روپے اور پریمیئم ٹکٹ 1000 روپے میں دستیاب ہو گا، مری گلاس ٹرین اسلام آباد سے مری تک سفر صرف 40 منٹ میں طے کریگی۔

مری گلاس ٹرین کی تمام گاڑیاں بجلی سے چلیں گی اور ماحول دوست ہوں گی، مری گلاس ٹرین سروس کا آغاز کب ہوگا اس بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں ۔
گلاس ٹرین کی وجہ سے مری کی سیاحت میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے مقامی کاروبار، ہوٹلوں اور سیاحت کی صنعت سے وابستہ سب لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔سیاح راستے بھر حسین پہاڑی مناظر، جنگلات اور موسم کی خوبصورتی کو بھی قریب سے دیکھ سکیں گے۔ یہ ایک منفرد تجربہ ثابت ہوگا۔
اس کے ساتھ یہ ٹرین مری اور اس علاقہ کے بہت سے گاؤں کے قدیمی رہائشیوں کے لئے بھی نعمت ہو گی جن کی راولپنڈی آمد و رفت آسان ہو جائےگی۔

حقیقت یہ ہے کہ مریم نواز نے شہریوں کو ایک اور بڑی سہولت فراہم کردی ہے جس کی تکمیل کا شہریوں کو شدت سے انتظار رہے گا۔

ٹرین کے آغاز سے مری کی سڑکوں پر ٹریفک دباؤ میں واضح کمی آئے گی، خصوصاً رش کے دنوں میں ٹریفک جام سے نجات ملے گی۔عوام اسے ایک ماحول دوست اقدام قرار دے رہے ہیں، کیونکہ ٹرین کی وجہ سے گاڑیوں پر انحصار کم ہوگا اور آلودگی میں کمی آئے گی۔
