(لاہور نیوز) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے آپریشنز اور لینڈفل سائٹس کیلئے بھاری مشینری کرایے پر لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے رینٹل مشینری کا فریم ورک کنٹریکٹ جاری کر دیا۔
فیصلے کے مطابق 10 ایکسکیویٹرز، 36 ٹریکٹر ٹرالیاں اور 18 ڈمپرز کرائے پر حاصل کیے جائیں گے، دستاویزات کے مطابق ایکسکیویٹرز کے سالانہ کرایے کا تخمینہ 6 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا ہے جبکہ ٹریکٹر ٹرالیاں 7 کروڑ 23 لاکھ روپے سالانہ میں کرائے پر لی جائیں گی، ڈمپرز کا سالانہ رینٹل تخمینہ 10 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد رکھا گیا ہے۔
کمپنی کی ٹیم مشینری کی فزیکل اور مکینیکل جانچ کرے گی اور کنٹریکٹر روزانہ 10 گھنٹے کے لیے ایکسکیویٹرز اور ڈمپرز فراہم کرنے کا پابند ہو گا، کرائے پر لی جانے والی مشینری صبح 8 بجے الائیڈ پوائنٹس پر فراہم کی جائے گی اور سالانہ 1200 گھنٹے تک استعمال ہو گی۔
کنٹریکٹر مشینری کے ساتھ ڈرائیور اور فیول بھی فراہم کرے گا، بھاری مشینری کو کچرا اٹھانے، ڈی سلٹنگ، تعمیراتی ملبہ اور مردہ جانوروں کا فضلہ اٹھانے جیسے امور میں استعمال کیا جائے گا، دستاویز کے مطابق کنٹریکٹر اپنی صوابدید پر مشینری کی لوکیشن اور اسائنمنٹ تبدیل کر سکتا ہے تاہم حتمی منظوری آپریشنل ٹیم کی تصدیق کے بعد دی جائے گی۔
