صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف عالمی مہم کے آغاز پر قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
(لاہور نیوز) صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف عالمی مہم کے آغاز کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں ایک اہم قرارداد جمع کرائی گئی۔
یہ قرارداد چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے پیش کی جس میں خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ اور صنفی تشدد کے خاتمے کیلئے حکومت کا عزم ظاہر کیا گیا۔
قرارداد میں ایوان نے متفقہ طور پر یہ قرار دیا کہ خواتین کا وقار اور ان کی سلامتی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ایوان نے تسلیم کیا کہ جسمانی، نفسیاتی، معاشی اور ڈیجیٹل تشدد کا خاتمہ فوری ضرورت ہے اور تشدد کے خاتمے کیلئے تمام اداروں اور معاشرتی سطح پر مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت کو خواتین کے تحفظ کی مضبوط علامت کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
ایوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور متاثرہ خواتین کو قانونی، نفسیاتی اور حفاظتی معاونت تک فوری رسائی فراہم کی جائے گی۔
ایوان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انصاف کی فراہمی کو مؤثر، تیز اور قابلِ اعتماد بنانا ضروری ہے تاکہ خواتین کو جلد انصاف مل سکے، ایوان نے یہ بھی تسلیم کیا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق خواتین کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
اس قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ خواتین کی معاونت کیلئے پالیسی اور سروس ڈلیوری سسٹم کو مزید مضبوط کرنا ضروری ہے تاکہ خواتین کی حفاظت کیلئے ایک مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ یہ قرارداد خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک اہم قدم ہے، عالمی مہم کے دوران یہ قرارداد نہ صرف تشدد کے خلاف ایک مضبوط پیغام دے گی بلکہ معاشرتی سطح پر اس بات کی ضرورت کو بھی اجاگر کرے گی کہ خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کے لئے حکومت اور معاشرہ دونوں کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔
