پیپلزپارٹی نے پنجاب میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لیا: گورنر پنجاب
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پورے پنجاب میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لیا ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پیپلزپارٹی لاہور ڈویژن کے عہدیداران نے ملاقات کی جس میں پارٹی امور اور یومِ تاسیس کی تیاریوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گورنر پنجاب نے ہدایت کی کہ پیپلزپارٹی کے یومِ تاسیس کی بھرپور تیاریاں کی جائیں اور تمام کارکن 30 تاریخ کو ہونے والے یومِ تاسیس کو یادگار بنانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔
گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی نے پورے پنجاب میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لیا ہے، گورنر پنجاب نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ آپس کے اختلافات کو ختم کرکے پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں۔
انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری جلد لاہور کا دورہ کریں گے جہاں وہ عہدیداران اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور ہم عوام کے مسائل حل کرنا خوب جانتے ہیں، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔
سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس کو عوامی گورنر ہاؤس میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور اسے سیاست سے بالاتر ہو کر تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
