24 Nov 2025
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے جاری کیے گئے نئے نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 16 کے سینئر ٹریفک وارڈنز اور گریڈ 17 کے ٹریفک افسران کیلئے ترقی کا اہم راستہ ہموار ہو گیا ہے۔
اب افسران پی پی ایس سی کے مقابلے کے امتحان کے ذریعے ترقی حاصل کر سکیں گے، نوٹیفکیشن کے مطابق 50 فیصد ترقیوں کیلئے ٹریفک وارڈنز اور سینئر وارڈنز مقابلے کے امتحان کے ذریعے پروموٹ ہو سکیں گے۔
اس کے علاوہ 50 سال اور 52 سال تک کے افسران ترقی کیلئے مقابلے کے امتحان دینے کے اہل ہوں گے، ترقی کیلئے امیدواروں کا محکمانہ کورس مکمل ہونا، بہتر سروس ریکارڈ اور بیچلر ڈگری سیکنڈ ڈویژن میں پاس ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے اس سلسلے میں رولز میں ترامیم کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
