والدین اپنے بچوں پر توجہ دیں اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں، چیئرپرسن سارہ احمد
(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں پر توجہ دیں اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔
آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے اپنے خصوصی پیغام میں بچوں کے حقوق اور ان کی حفاظت کی اہمیت پر زور دیا۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا بڑوں کی طرح بچے بھی توجہ، اہمیت اور عزت کے مستحق ہیں، یہ بچے ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور ہمیں چاہئے کہ ہم بچوں کے بارے میں آواز اٹھائیں اور ان کے مسائل کے بارے میں بات کریں۔
سارہ احمد نے مزید کہا کہ ہمیں بطور والدین اور بطور شہری بچوں کے بارے میں اپنے کردار سے آگاہ ہونا چاہئے، والدین کو اپنے بچوں پر توجہ دینی چاہئے اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنی چاہئے، انہوں نے والدین کو خاص طور پر آن لائن ابیوز سے بچوں کو محفوظ رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ بچوں کو کسی اجنبی کے ساتھ باہر نہیں بھیجنا چاہئے۔
سارہ احمد نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے گزشتہ ایک سال کے دوران 10 ہزار سے زائد بچوں کو ریسکیو کیا ہے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر بچوں کے حقوق کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی ہو تو وہ فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دیں۔
