(لاہور نیوز) سموگ اور ماحولیاتی آلودگی میں مسلسل اضافے کے پیش نظر محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یکم تا 18 نومبر شہر بھر میں مجموعی طور پر 9811 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا، کارروائیوں کے دوران دھواں چھوڑنے والی 1421 گاڑیوں کے چالان جبکہ 422 گاڑیاں بند کر دی گئیں۔
اس کے علاوہ اوورلوڈنگ کے باعث 1371 گاڑیوں کے چالان کئے گئے، مجموعی طور پر 1 کروڑ 80 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے، کارروائیوں کے دوران 372 ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ 348 ڈرائیوروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے انسدادِ سموگ مہم کا دائرہ کار مزید بڑھانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیا کہ گاڑیوں کی مناسب مرمت اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیاں ہرگز سڑک پر نہ لائی جائیں، ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔
