(لاہور نیوز) رائیونڈ میں سالانہ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچ گیا جس کے بعد شرکاء کا انخلاء جاری ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے میں ہائی الرٹ کا نفاذ برقرار رکھا ہوا ہے، اجتماع کے شرکاء کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنانے کیلئے پولیس جوانوں کو اضافی ڈیوٹیوں پر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ رائیونڈ کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حساس مقامات پر بھی اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے، رائیونڈ اجتماع کے دوران گرجا گھروں کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے، جبکہ اتوار کے روز ہونے والی دعائیہ تقریبات کیلئے گرجا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق اقلیتی عبادت گاہوں کے اطراف پٹرولنگ مزید سخت کر دی گئی ہے اور شہر میں ہونے والے تمام مذہبی اجتماعات کی سکیورٹی کو بھرپور طریقے سے یقینی بنایا جا رہا ہے۔
