(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کی ’’سموگ فری پنجاب‘‘ آگاہی مہم کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے اور صوبے میں فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) آج 291 ریکارڈ ہوا، جبکہ بھارتی دارالحکومت دہلی کی فضائی صورتحال اس سے کہیں زیادہ خراب ہے جہاں آلودگی کی شرح 647 تک پہنچ گئی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق ای پی اے (ماحولیات تحفظ ایجنسی) کی ٹیموں نے موٹروے پر گاڑیوں اور 102 اینٹوں کے بھٹوں کی چیکنگ کی، رپورٹ کے مطابق 87 بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے مطابق بغیر کالے دھوئیں کے چلتے پائے گئے جبکہ صرف ایک بھٹے سے سیاہ دھواں خارج ہو رہا تھا جس پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، مزید 14 بھٹے غیرفعال رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کسی بھٹے کو سیل یا مسمار کرنے کی نوبت نہیں آئی۔
شہروں میں سڑکوں پر روزانہ دو بار واٹر سپرنکلنگ کی جا رہی ہے جس سے فضا میں گرد و غبار کے ذرات میں کمی آئی ہے، ٹریفک پولیس کی جانب سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
حکام کے مطابق تعمیراتی سرگرمیوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ مشینری، مٹی کے ڈھیر اور کھدائی والے مقامات پر خصوصی چیکنگ سے آلودگی کے پھیلاؤ کو محدود کیا جا رہا ہے۔
