(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور، جو کبھی اپنے باغات اور خوشگوار فضا کے باعث مشہور تھا، آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
تازہ رپورٹ کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بدستور دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک حد 702 تک پہنچ گیا ہے۔
اس کے مقابلے میں لاہور کی فضا بھی شدید آلودہ رہی اور شہر کا اے کیو آئی 353 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے۔
پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے، گوجرانوالہ میں پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 934، فیصل آباد میں 491 اور ملتان میں 228 ریکارڈ کی گئی، جبکہ پشاور میں اے کیو آئی 172 تک پہنچ گیا۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اضافی احتیاط برتیں، غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے گریز کریں اور گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔
