(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں فضائی آلودگی کی صورتحال سنگین ہو گئی ہے، لاہور سمیت کئی اضلاع میں فضائی معیار بدستور انتہائی مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔
علی الصبح لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 439 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث یہ شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا۔
عالمی سطح پر فضائی آلودگی کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹس کے مطابق لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافے کی وجہ سے شہر کے باسیوں کو شدید صحت کے مسائل کا سامنا ہو رہا ہے، خصوصاً سانس کے امراض میں اضافہ ہو چکا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضا کی کیفیت خراب ہے، گوجرانوالہ میں پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 808 ریکارڈ کی گئی، جبکہ فیصل آباد میں یہ تعداد 507 تک پہنچ گئی، جو کہ ان شہروں کی فضا کو بھی انتہائی آلودہ ظاہر کرتا ہے۔
اس وقت دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا نمبر ایک ہے، جہاں کا ایئر کوالٹی انڈیکس 519 ریکارڈ کیا گیا، نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح اتنی زیادہ ہے کہ شہریوں کو سانس لینا مشکل ہو رہا ہے اور حکام نے شہریوں کو باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی ہے۔
ماہرین ماحولیات کے مطابق فضائی آلودگی کی یہ صورتحال انسانوں کی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، آلودگی میں اضافے کے اس رجحان کو روکنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی میں اضافے کی بڑی وجہ فصلوں کی باقیات کو جلانا، ٹریفک کا بڑھتا ہوا دباؤ اور صنعتی فضلہ ہے، ماہرین کا مشورہ ہے کہ حکومت کو فضا کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے فوری طور پر موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
