(لاہور نیوز) پنجاب اور اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے کالجز کو سکیورٹی کے سخت انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے، کالجز کو حکم دیا گیا ہے کہ تمام اداروں میں صرف ایک مرکزی دروازہ داخلے کیلئے کھلا رکھا جائے جبکہ دیگر تمام گیٹس بند رہیں، داخلے کے وقت تمام بیگز اور گاڑیوں کی چیکنگ لازم قرار دی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹرز نصب کئے جائیں، جبکہ طلبا اور عملے کو ہر وقت اپنے شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اسی طرح بغیر سٹیکرز والی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، مراسلے میں کالجز کی سرحدی دیواروں پر خاردار تاریں نصب کرنے، رات کے وقت روشنی کے مناسب انتظام اور سی سی ٹی وی کیمروں کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدامات کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور تعلیمی اداروں میں طلبا و عملے کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کئے جا رہے ہیں۔
