(لاہور نیوز) جی سی یونیورسٹی لاہور کی سنڈیکیٹ کا 72واں اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں نئے پروگرامز اور بجٹ سمیت اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی، یونیورسٹی نے خصوصی افراد کیلئےٹیوشن فیس مکمل طور پر ختم کر دی، اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے طلباء کیلئے بھی سیٹس میں اضافہ کیا اور اوور سیز طلباء کے لیے فیس میں کمی کر دی گئی۔
وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر چوہدری کی زیرِ صدارت اجلاس میں منظوری دی گئی، اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی سلمہٰ بٹ اور سلطان باجوہ ، ہائر ایجوکیشن کمیشن،پنجاب ہائر ایجوکیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔
نئے پروگرامز میں بی ایس کریمنالوجی ،ایم فل پیس اینڈ کنفلکٹ سٹڈیز اور نئے پی ایچ ڈی پروگرامز میں مالیکیولر بائیولوجی، اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس شامل ہے۔
آئندہ بورڈ اجلاس میں انڈسٹری سے بھی ممبران شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یونیورسٹی کے ملازمین کیلئے ہیلتھ انشورنس پالیسی کی بھی منظوری دی گئی ۔ 2023سے زیرِ التوا ٹی ٹی ایس انکریمنٹ کے کیسز کی بھی منظوری دی گئی۔
مالی سال 26-2025کیلئے 3250ملین کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی، نان گزٹڈ ملازمین کے لیے لیٹ سٹنگ الاؤنس میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی کے وزیٹنگ فیکلٹی کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
