(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معروف اداکارہ صابرہ سلطانہ کی علالت پر ان کی مالی معاونت کیلئے چیک جاری کیا جو ان کے معاون خصوصی نے اداکارہ کی عیادت کے دوران انہیں پیش کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی راشد اقبال نصر اللہ معروف اداکارہ صابرہ سلطانہ کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کی عیادت کی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے مالی مدد کا چیک ان کے حوالے کیا۔
راشد نصراللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اداکارہ صابرہ سلطانہ کی صحت کیلئے دعاگو ہیں، ہمارے اداکار معاشرے کا ایک اہم اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اداکاروں کے حقوق اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہیں اور ان کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنا ہے۔
اداکارہ صابرہ سلطانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ فنکار برادری کی قدر کی ہے اور ان کے دکھ سکھ میں شریک ہوئی ہے اور میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی تہہ دل سے مشکور ہوں۔
