(لاہور نیوز) اداکارہ و ٹک ٹاکر رومیسہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے محض 17 سال کی عمر میں ٹیچنگ کی ملازمت کی اور پہلے ہی سال خود سے ایک یا دو سال کم عمر لڑکوں کو پڑھانے لگ گئیں۔
رومیسہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے کم عمری میں ملازمت کرنے کا دلچسپ قصہ بھی سنایا۔
انہوں نے بتایا کہ جس وقت وہ سیکنڈ ایئر کی طالبہ تھیں اس وقت انہیں سوشل میڈیا کا مواد بنانے کے لیے آئی فون چاہیے تھا لیکن ان کے پاس پیسے نہیں تھے، آئی فون کے لیے پیسے جمع کرنے کی خاطر انہوں نے ایک سکول میں ملازمت حاصل کی، سکول والوں نے انہیں ٹیچر کے طور پر بھرتی کرلیا۔
اداکارہ نے کہا کہ جس وقت سکول نے انہیں ملازمت دی اس وقت ان کی عمر 17 برس تھی اور انہیں آٹھویں جماعت کے طلبہ کو پڑھانے کی ذمہ داری دی گئی، وہ بوائز سکول تھا اور آٹھویں کلاس کے تمام لڑکے 15 سے 16 سال کی عمر کے تھے اور ان سے بمشکل دو سال کم عمر تھے۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ آٹھویں کلاس کے لڑکے بچے نہیں تھے بلکہ پورے جوان تھے، ان کی داڑھی اور موچھیں تک تھیں، اپنی عمر کے بچوں کو پڑھانے میں انہیں مشکلات بھی پیش آئیں کیوں کہ انہیں لگتا تھا کہ اگر وہ کسی بچے کو تھپڑ ماریں گی تو لڑکے تھپڑ کھانے پر بھی خوش ہوں گے اور ایک دوسرے کو کہیں گے تھپڑ کے بہانے ٹیچر نے ہاتھ تو لگایا۔
اسی دوران اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اب کچھ عرصہ قبل ہی مذکورہ سکول کے شاگرد نے انہیں سوشل میڈیا پر میسج کیا اور انہیں کہا کہ وہ اپنے والدین کو ان کے گھر بھیجنا چاہتے ہیں۔
رومیسہ خان کے مطابق انہوں نے پیغام بھیجنے والے لڑکے کو ٹھیک سے دیکھا، وہ ان کا آٹھویں کلاس کا طالب علم ہی تھا لیکن انہوں نے انہیں میسج کا جواب نہیں دیا۔
ٹک ٹاکر نے پروگرام کے دوران بتایا کہ اگرچہ انہوں نے طالب علم کو جواب نہیں دیا لیکن اب وہ انہیں ٹی وی کے ذریعے پیغام دی رہی ہیں کہ ایسا نہیں کرتے بیٹا۔
