(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے شہریوں کو معیاری، محفوظ اور جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ایکٹ 2015 کا دائرہ کار گوجرانوالہ اور سرگودھا تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔
منظوری کے بعد ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اب ان شہروں میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے امور کی ذمہ دار ہوگی۔
حکومتی فیصلے کے مطابق شہری علاقوں میں منظم، سستی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنا بنیادی مقصد ہے۔
دونوں شہروں میں ماس ٹرانزٹ سروسز کے لیے فزیبلٹی سٹڈیز، انفراسٹرکچر منصوبے، جدید بسیں، روٹ پلاننگ اور الیکٹرانک ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے،منصوبے کا مقصد ٹریفک کے دباؤ میں کمی، شہری سفر کو محفوظ و آرام دہ بنانا اور آلودگی میں کمی لانا ہے۔
حکومت نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے کم کرایوں پر معیاری سفری سہولت کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی،یہ اقدام شہری ترقی، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اتھارٹی نے شہری نقل و حمل کے نظام میں بین الاقوامی معیار کی سروسز متعارف کرانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ منصوبے پر عمل درآمد مقامی حکومتوں، منصوبہ بندی محکمے اور نجی شعبے کے اشتراک سے کیا جائے گا۔
