(ویب ڈیسک) معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر تنقید کرنے والوں پر پھٹ پڑے ۔
تنازعات اور اختلافات میں گھرے رہنے والے خیل الرحمان قمر کے ایک اور سخت بیان نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کردیا ہے۔
خلیل الرحمان قمر کو ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں استاد اور شاگرد کے درمیان رومانوی تعلقات دکھانے پر تنقید کا سامنا ہے۔
جس کا جواب انہوں نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں دیا اور ایسے الفاظ استعمال کیے جسے سوشل میڈیا صارفین نے قابل اعتراض قرار دیا۔
خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ میں نے ڈرامے میں استاد اور شاگرد کے درمیان محبت دکھائی ہے اور محبت کرنا کوئی جرم تو نہیں ہے، دونوں نامحرم ہیں اور شادی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے افیئر نہیں محبت دکھائی ہے، میرے کردار غیر شادی شدہ ہیں، جن کے درمیان محبت ہے، یہ کوئی شادی شدہ ٹیچر کا طالبہ سے افیئر نہیں۔
ڈرامہ نگار نے مزید کہا کہ دراصل تنقید کرنے اور بھونکنے میں فرق ہوتا ہے،تنقید سے تو اصلاح ہوتی ہے۔
خیل الرحمان قمر نے کہا کہ حقیقت تو ہے کہ بہت ساری خواتین اساتذہ نے اپنے شاگردوں سے شادیاں کیں اور میں ایسے کئی لوگوں کو جانتا بھی ہوں۔
ان کے بقول معاشرے میں 70 سال کی خواتین اور مرد بھی شادیاں کر رہے ہیں، میرے کرداروں پر کیوں تنقید کی جا رہی ہے، جو میں معاشرے سے ہی لے رہا ہوں۔
