(لاہور نیوز) پی آئی اے کا برطانیہ کے لئے فلائٹ آپریشن 5 سال بعد بحال ہو گیا۔
خواجہ محمد آصف نے پاکستان برطانیہ فلائٹ آپریشن بحال ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا برطانیہ کے لئے فلائٹ آپریشن بحال ہو گیا ہے، پی آئی اے پر پابندی سے حکومت کو مالی نقصان ہوا، ہم نے پی آئی اے کے معیار کو دوبارہ بحال کیا، پی آئی اے فلائٹ آپریشن بحالی میں برطانوی ہائی کمشنر کا کلیدی کردار رہا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی مانچسٹر کیلئے براہ راست پہلی پرواز بوئنگ ٹرپل سیون 284 مسافروں کو لیکر مانچسٹر روانہ ہوئی، پی آئی اے پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کرے گی، پروازیں ہفتے اور منگل کے روز آپریٹ ہوں گی۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 برطانوی وقت کے مطابق شام 5 بجے مانچسٹر پہنچے گی، مانچسٹر سے پرواز شام 7 بجے روانہ ہو گی اور صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی، پی آئی اے دوسرے مرحلے میں لندن کی پروازیں بھی شروع کرے گی۔
