(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایئر پنجاب کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کا حکم دیا ہے۔
ٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں ایئر پنجاب پراجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں انہیں ایئر پنجاب کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایئر پنجاب کے لئے جدید اور آرام دہ طیارے لیز پر حاصل کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس پراجیکٹ کو عالمی معیار کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے لاہور سے اسلام آباد کے لئے ایئر پنجاب کے فلائٹ روٹ پر اتفاق کیا اور اس روٹ کو جلد شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ ایئر پنجاب کے ذریعے لوگوں کو آسان اور سستا فضائی سفر فراہم کیا جائے گا، جو پنجاب کی معاشی ترقی اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اجلاس کے دوران مری گلاس ٹرین پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مری گلاس ٹرین کے منصوبے کیلئے ممکنہ اقدامات کی ہدایت کی تاکہ اس پراجیکٹ کی تکمیل جلد از جلد ہو سکے اور مری کی سیاحت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایئر پنجاب اور مری گلاس ٹرین پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں تاکہ یہ منصوبے پنجاب کے عوام کیلئے بہترین سروس فراہم کر سکیں۔
