(لاہور نیوز) صوبہ بھر میں سموگ کے تدارک کیلئے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، ٹریفک پولیس کی جانب سے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت اقدامات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر 8 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ رواں ماہ کے دوران 40 ہزار 400 سے زائد گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ 51 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کیے گئے جبکہ 63 سے زائد گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی منسوخ کیے گئے۔ اس کے علاوہ 19 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج اور 7 ہزار 700 سے زائد گاڑیاں بند کی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ 2300 سے زائد مٹی سے لوڈڈ آن کورڈ گاڑیوں کو بھاری جرمانے کیے گئے جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر 2000 روپے فی چالان کے تحت کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ناقص انجن آئل اور ایندھن کے استعمال سے گریز کریں تاہم پنجاب کو سموگ فری بنانے کیلئے تمام ٹریفک افسران متحرک ہو کر کام کریں۔
