(لاہور نیوز) شہر بھر کی پھل منڈیوں اور پرچون بازاروں میں پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ریٹ لسٹ ایک بار پھر نظر انداز کر دی گئی اور دکاندار اپنی مرضی کے نرخوں پر پھل فروخت کر رہے ہیں، تازہ صورتحال کے مطابق چار مزید پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ بیشتر پھل سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر دستیاب ہیں۔
مارکیٹ سروے کے مطابق سیب کالا کولو کی سرکاری قیمت 330 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن بازار میں یہ 400 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے، درجہ اول کے کیلے کی سرکاری قیمت 150 روپے فی درجن ہے، جبکہ اسی کیلے کا بازار ریٹ 180 روپے فی درجن ہے، درجہ دوم کا کیلا بھی 100 روپے کے بجائے 130 روپے فی درجن میں بیچا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ انگور سندرخانی 520 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ کے برخلاف 650 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جاپانی پھل کی سرکاری قیمت 170 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 260 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، اسی طرح پپیتا 250 کے بجائے 350 روپے فی کلو، شکرقندی 100 کے بجائے 250 روپے فی کلو، ناشپاتی 285 کے بجائے 350 روپے فی کلو اور ایرانی کھجور 515 روپے کے بجائے 600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
