(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی میں جعلی دودھ سپلائی کرنے والا سپلائر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں ٹیموں نے فاروق آباد سے لاہور گوالمنڈی آنے والے رکشہ پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران 705 لٹر جعلی دودھ موقع پر تلف، 2 ملزمان گرفتار اور رکشہ و ڈرم ضبط کر لئے گئے۔
ترجمان ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ جعلساز فاروق آباد کے نواحی علاقے سے لاہور گوالمنڈی میں دودھ سپلائی کر رہے تھے، موقع پر کئے ٹیسٹ کے مطابق دودھ کے نام پر کیمیکلز سے تیار محلول چھپا کر لایا جا رہا تھا۔
عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ دودھ جیسا محلول پاؤڈر، پانی کیمیکل اور ویجیٹیبل آئل سے تیار کیا گیا تھا۔
منڈیالی علاقے میں طویل ریکی کے بعد جعلی دودھ بردار رکشہ پکڑا گیا جبکہ ڈرائیور کی بھاگنے کی کوشش ناکام کر کے موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔
