(لاہور نیوز) پاکستانی امریکن باکسر جہانزیب رضوان نے نیویارک کے بارکلے سینٹر میں منعقدہ پروفیشنل باکسنگ فائٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی باکسر ٹریون کو دوسرے راؤنڈ کے دوسرے منٹ میں ناک آؤٹ کر کے ایک یادگار فتح اپنے نام کر لی۔
تاریخی فائٹ میں جہانزیب رضوان نے سبز ہلالی پرچم کے رنگوں پر مشتمل لباس پہن کر رنگ میں انٹری دی تو بارکلے سینٹر پاکستانی کمیونٹی کے جوش و خروش سے گونج اٹھا، پاکستانی امریکن شائقین نے اپنے قومی ہیرو کا پرجوش استقبال کیا۔
فائٹ کے آغاز سے ہی جہانزیب رضوان اپنے حریف پر حاوی رہے اور تابڑ توڑ حملوں سے امریکی باکسر کو دفاعی حکمت عملی اپنانے پر مجبور کر دیا۔
دوسرے راؤنڈ کے دوران جہانزیب نے زبردست مکوں کی برسات کرتے ہوئے ٹریون کو ناک آؤٹ کیا جس کے بعد باکسنگ رنگ میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند ہوئے۔
اس تاریخی لمحے کے گواہ بننے کے لئے پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات اور جہانزیب رضوان کے والد راجہ رضوان سمیت ان کی فیملی اور دیگر معززین بڑی تعداد میں موجود تھے، ان کی اس فتح پر بارکلے سینٹر پاکستان اور جہانزیب رضوان کے نعروں سے گونجتا رہا۔
میڈیا سے گفتگو میں جہانزیب رضوان کا کہنا تھا کہ یہ جیت میرے لئے اللہ تعالیٰ کا انعام ہے، پاکستان کا نام روشن کرنا میری سب سے بڑی کامیابی ہے۔
