(ویب ڈیسک) پنجاب میں بڑھتی ہوئی آبادی اور جرائم کی شرح میں اضافے کے باعث لاہور سمیت صوبے بھر میں 80 نئے تھانے بنانے کا منصوبہ زیرِ غور ہے۔
آئی جی پنجاب کی جانب سے نئے تھانوں کے قیام کیلئے سمری حکومت کو بھیجی گئی تھی جس پر محکمہ داخلہ نے کچھ اعتراضات کے بعد اسے واپس بھیج دیا ہے۔
تھانہ کاہنہ کو دو حصوں میں تقسیم کر کے ایک نیا تھانہ بنانے کی تجویز دی گئی تھی، جبکہ باقی 79 نئے تھانے پنجاب کے دیگر اضلاع میں قائم کئے جائیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نئے تھانوں کی جگہ اور ضروریات کے مطابق پولیس پوسٹوں کے قیام کا بھی منصوبہ بنایا جا رہا ہے جہاں کم خرچے والی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی اور انہیں گاڑیاں، نفری اور بائیکس مہیا کی جائیں گی تاکہ سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جا سکے۔
آئی جی پنجاب کی منظوری کے بعد سمری دوبارہ حکومت کو پیش کی جائے گی، جس کے بعد اس منصوبے پر عمل درآمد جلد شروع ہونے کی توقع ہے، نئے تھانوں کے قیام کا مقصد بڑھتی ہوئی آبادی اور مختلف علاقوں میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانا ہے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
