(لاہور نیوز) پنجاب کے سرکاری کالجز میں عدم دستیاب سہولتوں کو پورا کرنے کیلئے بجٹ منظور ہو گیا۔
پنجاب بھر کے سات سو سے زائد کالجز میں ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ طلبہ و اساتذہ کے تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔
پہلے مرحلے میں کالجز کو فرنیچر فراہم کیا جائے گا جس میں طلبہ اور اساتذہ کی تعداد کے مطابق کرسیاں اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہوں گی۔
محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ کئی سالوں سے کالجز میں نیا فرنیچر نہیں خریدا گیا تھا، جس کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں کئی مسائل پیدا ہو رہے تھے۔
ڈی پی آئی ڈاکٹر عنصر نے بتایا کہ رواں مالی سال میں کالجز کو فرنیچر کی فراہمی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا تاکہ طلبہ کو مناسب تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں، طلبہ کی تعداد کے مطابق کرسیاں اور فرنیچر مہیا کیا جائے گا تاکہ تعلیمی اداروں میں سہولت کا معیار بلند ہو۔
