(لاہور نیوز) شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس سے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
محکمہ ماحولیات کی تازہ رپورٹ کے مطابق لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 271 تک پہنچ چکا ہے جو کہ ہوا کے معیار کیلئے غیر صحت بخش ہے۔
خاص طور پر علامہ اقبال ٹاؤن اور سید مراتب علی روڈ جیسے اہم علاقوں میں آلودگی کی سطح مزید بلند ہے، علامہ اقبال ٹاؤن کا ایئر کوالٹی انڈیکس 402 ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ سید مراتب علی روڈ کا انڈیکس 404 تک پہنچ گیا ہے جو ہوا کی انتہائی خراب حالت کی نشاندہی کرتا ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حد تک آلودگی صحت کے لئے شدید نقصان دہ ہے، خاص طور پر بچوں، بوڑھوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لئے یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے، انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔
