پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا اجلاس، خواتین کے تحفظ اور بااختیاری پر اہم فیصلے
(لاہور نیوز) پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے بورڈ کا اجلاس چیئرپرسن حنا پرویز بٹ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں اراکین اسمبلی، متعلقہ محکموں کے نمائندوں اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں خواتین کے تحفظ، بااختیاری، قانونی معاونت اور ادارہ جاتی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت خواتین کیلئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے کہا کہ عورت کو خوف اور جبر سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، یہی مریم نواز شریف کا ویژن ہے، کوئی عورت اکیلی نہیں، ریاست ہر مظلوم خاتون کے ساتھ کھڑی ہے، خواتین کیلئے انصاف اور تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ ویمن پروٹیکشن سینٹرز اور ہیلپ لائن 1737 متاثرہ خواتین کیلئے امید کا مرکز بن چکے ہیں، ہم فوری قانونی، نفسیاتی اور فلاحی مدد کے نظام کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں تاکہ ہر عورت خود کو محفوظ، بااختیار اور باعزت محسوس کرے، یہی ہمارا مشن اور عزم ہے۔
اجلاس کے اختتام پر بورڈ ممبران نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
