(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب میں انسداد پولیو مہم بھرپور انداز میں جاری ہے اور آج مہم کا پانچواں روز ہے۔
پولیو ٹیمیں لاہور سمیت مختلف شہروں میں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں، انسداد پولیو پروگرام کے مطابق مہم کے ابتدائی چار روز کے دوران پنجاب بھر میں 1 کروڑ 69 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جبکہ اضلاع سے کوائف موصول ہونے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور نے بتایا کہ پنجاب کے 35 اضلاع میں مہم کا کامیابی سے اختتام ہوا ہے، جبکہ لاہور میں یہ مہم 19 اکتوبر تک جاری رہے گی، مہم کی کوالٹی جانچنے کیلئے سیمپلنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے اور تمام اضلاع سے حاصل کردہ ڈیٹا کا تفصیلی تجزیہ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ والدین کا تعاون اس مہم کے دوران مثالی رہا، جس کی بدولت ٹیموں کو ہر گھر تک رسائی ممکن ہوئی۔
عدیل تصور نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں تاکہ ہر بچہ محفوظ بنایا جا سکے، اگر کسی بچے کو ویکسین نہ پلائی جا سکی ہو تو والدین 1166 پر اطلاع دے سکتے ہیں تاکہ ٹیم فوری جواب دے سکے۔
