(لاہور نیوز) صدر مملکت نے افغانستان سے کی جارہی دانستہ اشتعال انگیز جارحیت کے بروقت مؤثر جواب کی تعریف کرتے ہوئے وطن کے دفاع میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
صدر آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج اہم ملاقات کی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدر مملکت کو داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال پر تفصیل سے آگاہ کیا، انہوں نے افغان طالبان کے اشتعال انگیز جارحانہ اقدامات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بھی صدرِ مملکت کو آگاہ کیا۔
صدر مملکت کو پاک فوج کے سربراہ نے اپنی فورسز کی مؤثر اور بروقت جوابی کارروائی سے آگاہ کیا، صدر آصف علی زرداری نے پاک فوج کی صلاحیت، جرات اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ رسپانس دینے کی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے وطن کے دفاع میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
