(ویب ڈیسک)ماہرین کی روزانہ کی بنیاد پر دانت صاف کرنےسے متعلق رپورٹ آگئی۔
ماہرین کے مطابق دانتوں کو روزانہ 2 بار کم از کم 2 منٹ تک فلورائیڈ ٹوتھ پیسٹ سے برش کرنا چاہیے۔اس طرح دانتوں کی کمزوری اور مسوڑوں کے امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ روزانہ 2 بار دانتوں کی صفائی انہیں اور مسوڑوں کو صحت مند رکھنے کے لیے مثالی ہے۔
اسی طرح آپ کو روزانہ کم از کم 2 بار دانتوں پر خلال بھی کرنا چاہیے۔البتہ کبھی کبھار ڈاکٹروں کی جانب سے دن میں 2 بار سے زائد برش کرنے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے۔یعنی ایسے افراد جن کو مسوڑوں کے امراض کا سامنا ہو یا دانتوں کے کسی اور مسئلے کے شکار ہوں، تو ڈاکٹروں کی جانب سے 2 سے زیادہ بار برش کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
بزرگ افراد کو دانتوں کی صحت پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہوتی ہے،دانتوں پر برش کرنا صحت کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے۔مختلف تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ دانتوں کی صفائی اور دماغی تنزلی کا باعث بنانے والے مرض ڈیمینشیا کے درمیان تعلق موجود ہے۔
کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح ناشتے سے پہلے دانتوں پر برش کرنے سے بیکٹیریا کو ہٹانے اور لعاب دہن بڑھانے میں مدد ملتی ہے جبکہ دانتوں کی سطح پر حفاظتی رکاوٹ مضبوط ہوتی ہے۔
البتہ ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ کبھی بھی کھانے کے فوری بعد دانتوں پر برش نہیں کرنا چاہیے، خاص طور پر زیادہ تیزابیت والی غذا کھانے کے بعد۔
کچھ شواہد سے عندیہ ملا ہے کہ رات کا وقت دانتوں پر برش کرنے کے لیے اہم ترین وقت ہوتا ہے۔ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ رات کے وقت برش نہ کرنے سے امراض قلب یا کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
