(لاہور نیوز) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے صدر ابراہیم حسن مراد نے سیلاب سے متاثرہ طلبہ کیلئے خصوصی سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ طلبہ کی فیسیں معاف اور مؤخر کر دی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یو ایم ٹی کے مختلف سکالرشپس پروگرامز نے معیاری تعلیم کو سب کے لیے قابلِ رسائی بنایا ہے۔ اس وقت یونیورسٹی کے 64 فیصد طلبہ 30 سے زائد مختلف سکالرشپس سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ اب تک خطیر رقم کے سکالرشپس فراہم کیے جا چکے ہیں۔
ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ 76 فیصد طلبہ کو 50 فیصد اور 24 فیصد طلبہ کو 100 فیصد تک سکالرشپس دی جا رہی ہیں، اب تک 47 ہزار سے زائد طلبہ یو ایم ٹی کے سکالرشپس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یو ایم ٹی کے سکالرشپس سے پاکستان کے 110 اضلاع اور دنیا کے 18 ممالک کے طلبہ مستفید ہو رہے ہیں، ان سہولتوں کا مقصد میرٹ کی حوصلہ افزائی اور مستحق طلبہ کی معاونت ہے۔
