17 Sep 2025
(ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کے باوجود حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دیا ہے۔
حکومتی دستاویزات کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 75 پیسے اضافے کی تجویز تھی، مگر فریٹ مارجن میں اتنی ہی کمی کر کے قیمت کو برقرار رکھا گیا ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق فی لٹر 4 روپے 99 پیسے اضافہ ہونا تھا لیکن حکومت نے صرف 2 روپے 78 پیسے کا اضافہ کیا، اس کمی کو بھی فریٹ مارجن میں کمی کے ذریعے ممکن بنایا گیا ہے، جہاں فریٹ مارجن 6 روپے 31 پیسے سے کم ہو کر 4 روپے 10 پیسے کر دیا گیا۔
ڈیزل پر پٹرولیم لیوی اور کاربن لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ ڈسٹری بیوشن مارجن 7 روپے 78 پیسے اور ڈیلر مارجن 8 روپے 64 پیسے برقرار رہے۔
