(لاہور نیوز) پنجاب میں ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے محکمہ پرائس کنٹرول نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹیوں کو اہم مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ خیبرپختونخواہ، بلوچستان اور افغانستان سے سپلائی میں کمی ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں قلت پیدا ہو گئی ہے۔
محکمہ پرائس کنٹرول نے تمام مارکیٹ کمیٹی سیکرٹریز کو فوری طور پر کمیشن ایجنٹس کے ساتھ ہنگامی اجلاس بلانے اور ٹماٹر کی سپلائی کو بڑھانے کی ہدایت جاری کی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹیوں کو مشترکہ مانیٹرنگ کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے تاکہ قیمتوں پر قابو پایا جا سکے۔
ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہ کی گئی ہے، افغانستان کے طورخم اور چمن بارڈر سے آنے والے ٹماٹر کے ٹرکوں کی بروقت کلیئرنس یقینی بنانا، سپلائرز اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنا، ترسیل میں کسی بھی تاخیر سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مارکیٹ کمیٹی سیکرٹریز کو روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں اور سپلائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی، پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر میں قائم سیل کو مسلسل اپڈیٹس فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر ہدایات پر فوری اور مؤثر عمل درآمد کیا گیا تو چند روز میں ٹماٹر کی قیمتوں میں واضح کمی ممکن ہو گی۔
