(لاہور نیوز) مون سون کی حالیہ بارشوں اور مقامی سیلابی صورتحال کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 43 نئے کنفرم ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے، لاہور میں 5 اور راولپنڈی میں 23 مریض سامنے آئے، جبکہ پنجاب بھر میں اب تک کنفرم مریضوں کی تعداد 860 تک جا پہنچی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں سال یہ تعداد خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، گھروں میں سپرے کریں اور مچھر بھگانے والے لوشن کا استعمال یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی سرویلنس کو تیز کیا جا رہا ہے اور لاروا کو ہنگامی بنیادوں پر تلف کیا جا رہا ہے، لیکن شہری تعاون کے بغیر مکمل کنٹرول ممکن نہیں۔
