30 Aug 2025
(لاہور نیوز) بارش سے لاہور کے مختلف گھروں کی چھتیں گرنے سے چار افراد جاں بحق جبکہ چار شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلے واقعے میں پرانی انارکلی میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، متوفی کی لاش کو ملبے تلے سے نکال کر میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، دوسرا دلخراش واقعہ بیدیاں روڈ پر پیش آیا جہاں گھر کی چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق جبکہ چار شدید زخمی ہوئے، جنہیں جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو کے مطابق مزید جاں بحق ہونیوالوں میں 30 سالہ فیضان علی، 60 سالہ رمضان، 18 سالہ دعا فاطمہ، 7 سالہ کرن شامل ہیں جبکہ 25 سالہ مافیا، 15 سالہ سلمان، 20 سالہ نازیہ اور 25 سالہ اکرام شدید زخمی ہیں جن کا علاج معالجہ جاری ہے۔
