(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال سے متعلق فیکٹ شیٹ جاری کر دی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، بہاولنگر، مری، چکوال، ساہیوال، نارووال، اوکاڑہ، اٹک اور لاہور میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں، مون سون بارشوں کا چھٹا سپیل 5 اگست سے شروع ہونے کی پیشگوئی ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ، تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، دریائے جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رودکوہیوں اور بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 89 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 61 فیصد تک بھر چکا ہے، بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 43 فیصد تک ہے۔
