لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹرین کو حادثہ، 48 مسافر زخمی، وزیر ریلوے کا نوٹس

(لاہور نیوز) اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کو حادثہ کالاشاہ کاکو کے قریب پیش آیا جس کے باعث 48 کے قریب مسافر زخمی ہو گئے، وفاقی وزیر ریلوے نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔
ٹرین لاہور سے اسلام آباد جا رہی تھی، اسی اثناء میں ٹرین کالاشاہ کاکو کے مقام پر پٹڑی سے اتر گئی، اس موقع پر امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے قبل مسافر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔
وزیر ریلوے نے سی ای او ریلوے اور ڈی ایس ریلوے کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریلوے عملے کو امدادی کاموں کو تیز کرنے کا حکم دیا جبکہ جائے حادثہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
بعدازاں ریسکیو کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، ریسکیو کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس ٹرین حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم 48 معمولی زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔