29 Jul 2025
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں مصنوعی چینی بحران پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا، اس ضمن میں تمام فیلڈ افسران کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں.
سیکرٹری پرائس کنٹرول کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام فیلڈ افسران کی چھٹیوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی، جن افسران کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں ان میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز و دیگر شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی افسر کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی تحریری اجازت کے بغیر فیلڈ چھوڑنے کی اجازت نہیں جبکہ تمام منظور شدہ چھٹیاں بھی فی الفور منسوخ کر دی گئیں۔
سیکرٹری پرائس کنٹرول کا کہنا ہے کہ چینی کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، افسران و عملہ 24 گھنٹے فیلڈ آپریشن پر مامور ہے۔
