
(لاہور نیوز) گورنر پناب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے بغیر یہ سسٹم چھ ماہ نہیں چل سکتا۔
جڑواں شہر میں صدر مملکت کی سالگرہ تقریب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ میں سب کو خوش آمدید کہتا ہوں، لاہور میں بھی سالگرہ کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر کی شہادت پیپلزپارٹی کےلیے بہت مشکل وقت تھا، آصف علی زرداری نے دلیری اور بہادری سے پیپلزپارٹی کو متحد رکھا، انہوں نے بے نظیر کی شہادت کے بعد پارٹی کو سنبھالا، بی بی کی شہادت کے بعد پارٹی تقسیم ہو سکتی تھی۔
گورنر پنجاب نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا جیالا اب تگڑا ہو جائے، ہم نے بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانا ہے، گلی، محلوں میں پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچاؤ۔
سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی غریبوں کی پارٹی ہے، الیکشن میں عوام تیر پر مہر لگا کر بلاول کو وزیراعظم بنائیں گے، پورے پاکستان میں کسی کا چہرہ ایسا نہیں کہ آصف علی زرداری سے صدر کا عہدہ لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ سسٹم چل رہا ہے تو آصف علی زرداری کے ایوان صدر میں بیٹھنےکی وجہ سے ہے، ورنہ یہ سسٹم چھ ماہ بھی نہیں چل سکتا۔