(لاہور نیوز) مون سون بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہونے لگا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ، تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 9 ہزار جبکہ اخراج 2 لاکھ 66 ہزار ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تونسہ کے مقام پر پانی کی آمد 4 لاکھ 47 ہزار جبکہ اخراج 4 لاکھ 41 ہزار ریکارڈ کیا گیا، کالاباغ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ جبکہ اخراج 2 لاکھ 93 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، چشمہ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 72 ہزار جبکہ اخراج 3 لاکھ 57 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ فی الحال نارمل لیول پر ہے ،بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، ڈیرہ غازی خان رود کوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے ۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، ممکنہ بارشوں و سیلاب کے پیش نظر کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں موجود رہیں۔
عوام الناس سے کہا گیا ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، دریاؤں نہروں اور ندی نالوں میں ہرگز مت نہائیں ، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
