(لاہور نیوز) لیسکو نے بجلی چوری اور اوور بلنگ جیسے دیرینہ مسائل پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس اے ایم آئی میٹرز لگانے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پائلٹ پراجیکٹ کے تحت ابتدائی طور پر 4,700 سے زائد اے ایم آئی میٹرز خریدے جائیں گے، ان میٹرز کو مخصوص علاقوں میں انسٹال کیا جائے گا تاکہ ان کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔
اس تجربے کی کامیابی کے بعد تمام نئے سنگل فیز کنکشنز پر بھی اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب لازم قرار دی جائے گی۔
لیسکو نے ہدف مقرر کیا ہے کہ سال 2029 تک تمام سنگل فیز میٹرز کو اے ایم آئی میٹرز سے تبدیل کر دیا جائے گا، ان جدید میٹرز کی تنصیب سے نہ صرف میٹر ریڈنگ کا عمل خودکار ہو جائے گا بلکہ اوور بلنگ اور انڈر بلنگ کے مسائل کا بھی خاتمہ ممکن ہو گا۔
لیسکو حکام کے مطابق جدید اے ایم آئی سسٹم سے بجلی کے غیر قانونی استعمال، بجلی چوری اور بلنگ میں انسانی غلطیوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، اس نظام کے تحت صارفین اپنی کھپت کی درست نگرانی کر سکیں گے اور بجلی کا مؤثر استعمال ممکن ہو گا۔
