(لاہور نیوز) شہر میں موسلادھار بارش نے لیسکو کے بجلی کے ترسیلی نظام کو شدید متاثر کیا ہے۔
بارش کی وجہ سے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز میں آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں 95 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
موسم کی شدت اور پانی کی زیادتی کی وجہ سے متعدد سب سٹیشنز میں تکنیکی خرابیوں کا سامنا ہے، جس سے صارفین کو بجلی کی طویل بندش کا سامنا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی گھنٹوں سے بجلی کی بندش کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کیا ہے۔
لیسکو کے چیف نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اور ملازمین کو کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عوام کو فوری طور پر بجلی فراہم کی جا سکے، ان کا کہنا تھا کہ افسران اور ملازمین نے کام کا آغاز کر دیا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ بجلی کی فراہمی جلد بحال ہو سکے۔
