
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ مؤثر تیاری کے پیش نظر بارشوں سے کم نقصانات ہوئے۔
پنجاب میں حالیہ ریکارڈ بارشوں کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو سروسز اور پولیس سمیت تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
پی ڈی ایم اے کے دفتر کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے اس شدید سپیل میں تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود رہے اور بہترین کام کیا، ریسکیو، پولیس، ضلعی افسران اور افواجِ پاکستان نے بھی ضرورت پڑنے پر ریسکیو آپریشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، نالہ لئی کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں رہی۔
وزیراعلیٰ نے عوام کو بھی یقین دہانی کرائی کہ ضلعی افسران، ڈپٹی کمشنر اور دیگر ادارے ان کے ساتھ کھڑے ہیں، نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز بارشی پانی کے نکاس کیلئے اپنی مشینری خود نصب کریں، ساتھ ہی انتظامی افسران دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے فیلڈ میں رہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بارشوں سے چاول سمیت مختلف فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی تخمینہ لگایا جا رہا ہے، ہمیں نہ صرف موجودہ نقصانات کا ازالہ کرنا ہے بلکہ 21 جولائی سے شروع ہونے والے نئے سپیل کیلئے بھرپور تیاری بھی کرنی ہے، جہاں جہاں پانی موجود ہے وہاں فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے ریسکیو آپریشنز کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کی اور عوام کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کئے جانے کو حکومت کی فوری اور مؤثر حکمتِ عملی کا ثبوت قرار دیا۔