(لاہور نیوز) پاکستان ریلوے نے اپنے نظام کو جدید اور شفاف بنانے کے لیے لاہور سمیت ملک بھر کے 348 ریلوے سٹیشنوں پر جدید پوائنٹ آف سیل سسٹمز کی تنصیب کا فیصلہ کر لیا، اس ضمن میں پاکستان ریلویز اور الائیڈ بینک لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔
اہم نکات کے مطابق ٹکٹنگ، ادائیگی اور مالیاتی امور کو خودکار اور شفاف بنانا، مسافروں کو کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے آسان ادائیگی کی سہولت فراہم کرنا ، اس کے ساتھ قطاروں اور نقدی پر انحصار میں کمی لانا ہے۔یہ جدید نظام آئندہ 60 دنوں میں مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔
نئے سسٹم میں مسافر آسانی سے ٹکٹ اور دیگر ریلوے خدمات کی ادائیگی کر سکیں گے، فوڈ سٹالز اور چھوٹے دکاندار بھی ڈیجیٹل ادائیگی قبول کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ ریلوے آمدنی کی اصل وقت میں نگرانی ممکن ہو گی، مالی بے ضابطگیوں، چوری اور حساب کتاب میں غلطیوں کے امکانات میں نمایاں کمی ہو گی اور تجارتی لین دین مزید تیز، موثر اور محفوظ ہو جائے گا۔
