(لاہور نیوز) صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر پنجاب کے تمام شہروں میں گلیاں پختہ کی جائیں گی، جبکہ ہر شہر میں مرحلہ وار سیوریج اور ڈرین سسٹم کی تعمیر بھی عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہروں میں انفراسٹرکچر کی بحالی سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ذیشان ملک، سپیشل سیکرٹری بلدیات ارشد بیگ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کی موثر نگرانی کیلئے ہر ریجن میں پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ریجنل افسران تعینات کئے جائیں گے، بیشتر شہروں میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹس کے ذریعے کام مکمل کیا جائے گا جبکہ اضلاع میں ان سکیموں کی تکمیل کی براہ راست ذمہ داری ڈپٹی کمشنرز کو سونپی جائے گی۔
ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس منصوبے کے تحت عوام کو صاف ستھرا اور بہتر شہری ماحول فراہم کیا جائے گا۔
