(لاہور نیوز) لاہور کے علاقے شاہدرہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ ایک سنگل سٹوری گھر میں پیش آیا جس کی چھت مٹی کی بنی ہوئی تھی اور کافی عرصے سے خستہ حال تھی، اچانک چھت گرنے سے گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالا، جاں بحق افراد کی لاشوں کو شاہدرہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد میو ہسپتال اور شاہدرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق چھت کی بوسیدگی حادثے کی بنیادی وجہ بنی، علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ پرانے اور بوسیدہ مکانات کی فوری جانچ پڑتال کی جائے تاکہ ایسے مزید واقعات سے بچا جا سکے۔
