28 Jun 2025
(لاہور نیوز) باغوں کا شہر لاہور آج ایک بار پھر متغیر موسمی صورتحال کا گواہ ہے، لمحہ بہ لمحہ بدلتے موسم میں سورج نے آب و تاب سے چمکنا شروع کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی، جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش کے امکانات ہیں، شہریوں کو حبس میں مزید اضافے کیلئے تیار رہنا ہو گا، کیونکہ نمی کی سطح بڑھنے سے گرمی کا احساس مزید شدید ہو سکتا ہے۔
شہر کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ہوا 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جو گرمی کا زور تو کم نہیں کرے گی لیکن عارضی راحت ضرور پہنچا سکتی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا استعمال بڑھانے اور دھوپ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی ہے۔
