(لاہور نیوز) عشرہ محرم الحرام کے آغاز پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں 2600 سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، صوبہ بھر میں آج 96 عزاداری جلوس اور 3 ہزار 253 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جن کی نگرانی کیلئے پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے چوکس ہیں، ان مجالس اور جلوسوں میں شرکا کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہو گی، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
پنجاب پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور ممکنہ مسائل سے بچنے کیلئے اپنی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
