(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں جاری شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات اور واقعات میں ابتک دو افراد جابحق جبکہ 14 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق بارشوں کے باعث کئی مقامات پر چھتیں گرنے، آسمانی بجلی گرنے، نالوں میں ڈوبنے اور ٹریفک حادثات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اوکاڑہ کی بستی ریاض آباد میں ایک افسوسناک واقعے میں پانچ سالہ دعا فاطمہ چھت گرنے سے جابحق ہو گئی، اسی ضلع میں دیپال پور کے علاقے میں دو افراد چھت گرنے سے زخمی ہوئے جبکہ ایک شہری آسمانی بجلی سے زخمی ہوا۔
جہلم کے علاقے سوہاوہ میں ایک شخص برساتی نالے میں ڈوب گیا، جس کی تلاش کیلئے ریسکیو ٹیمز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
شیخ بستی میں کچن کی چھت گرنے سے ایک نابالغ لڑکی زخمی ہو گئی، جڑانوالہ 240 موڑ پر چھت گرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص زخمی ہوا۔
ساہیوال کے نواحی گاؤں میں چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے جبکہ منڈی بہاوالدین کے علاقے ملکوال میں دو بچے الیکٹرک شاک سے متاثر ہو کر زخمی ہو گئے۔
قصور کے علاقے کوٹ پیراں اور تلونڈی میں بھی چھت گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جہاں دو افراد زخمی ہوئے۔
لاہور کے علاقے بابو صابو میں 22 ویلر ٹرک کے حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ ننکانہ صاحب، شاہ کوٹ میں 10 ہزار لیٹر تیزاب لے جانے والا ٹرک الٹ گیا، جہاں ریسکیو کا آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں، الیکٹرک پولز، اور ہورڈنگ بورڈز سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔
